نئی دہلی،31؍جنوری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )بی ایس پی سپریمو مایاوتی کو سپریم سے بڑی راحت ملی ہے۔سپریم نے بی ایس پی کی منظوری منسوخ کرنے اور مایاوتی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرنے والی عرضی کو مسترد کردیا ہے ۔منگل کو معاملے کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ صحیح ہے۔ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے اور الیکشن ہونے والے ہیں ، ایسے میں کوئی بھی عدالت اس میں مداخلت نہیں کر سکتی ۔دراصل، سپریم کورٹ میں ایک عرضی دائر کرکے بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی پر مذہب اور ذات کی بنیاد پر ووٹ مانگنے پر پابندی لگانے کے حکم کی خلاف ورزی کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔درخواست میں اپیل کی گئی ہے کہ بی ایس پی کی منظوری منسوخ کر دی جانی چاہیے اور مایوتی کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے ۔وکیل وشنو جین کے توسط سے نیرج شنکر سکسینہ کی طرف سے دائرکی گئی خصوصی اجازت عرضی میں کہا گیا ہے کہ مایاوتی نے گزشتہ 3؍دسمبر کو ایک پریس کانفرنس کرکے سپریم کورٹ کے حکم کی کھلے طور پر خلاف ورزی کی، اس پریس کانفرنس میں مایاوتی نے آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے امیدواروں کی فہرست جاری کی تھی۔درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ مایاوتی کی یہ فہرست مذہب اور ذات کی بنیاد پر تیار کی گئی تھی۔ساتھ ہی مایاوتی نے بی ایس پی کی طرف سے ایک کتابچہ جاری کیا تھا ، جس میں انہوں نے اپنی پارٹی کو مسلمان کا سچا ہمدرد بتایا تھا۔ساتھ ہی انہوں نے مسلم رائے دہندگان سے اپیل کی تھی کہ سماج وادی پارٹی میں پھوٹ پڑ گئی ہے، لہذا وہ سماج وادی پارٹی کو ووٹ نے دیں ،بلکہ بی ایس پی کو ووٹ دیں۔درخواست گزار کا کہنا ہے کہ مایاوتی کی یہ اپیل سیدھے طور پر سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہے۔درخواست گزار نے اس سے پہلے الیکشن کمیشن اور الہ آباد ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔ہائی کورٹ نے یہ کہتے ہوئے درخواست پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا تھا کہ اس مسئلے پر الیکشن کمیشن قانون کے تحت اس کا تصفیہ کرے گا، لیکن ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے لیے کوئی وقت کی حد مقرر نہیں کی تھی۔